گوجرہ : مسافر وین اور ٹرک میں خوفناک تصادم ، 7 افراد جاں بحق

Published On 26 April,2023 10:14 am

گوجرہ: (دنیانیوز) پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل گوجرہ میں ہائی ایس وین اور ٹرک میں تصادم کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 7افراد جان کی بازی ہارگئے ۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق گوجرہ کے اڈا دھرم کوٹ اسٹاپ پر پینسرہ روڈ کے قریب مسافر وین اور  ٹرک میں تصادم ہوا جس کے بعد وین میں سلنڈر پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی، آتشزدگی  کے نتیجے میں 7 مسافر جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔

ریسکیو کے مطابق بدقسمت ہائی ایس چک 46 گ ب سکھیرا سے براستہ پینسرہ فیصل آباد جا رہی تھی کہ حادثے کا شکار ہوگئی ۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ، حادثے میں 19 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، ریسکیو کی جانب سے نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔

ریسکیو کے مطابق جاں بحق افراد میں سے 2 افراد کی لاشوں کی شناخت کر لی گئی، جبکہ 5 لاشیں ناقابلِ شناخت ہیں۔
 

Advertisement