قصور:(دنیا نیوز) پنجاب کے ضلع قصور کے علاقے تھانہ کھڈیاں میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ۔
قصور پولیس کے مطابق ڈاکو کی شناخت عامر عرف شاہد سکنہ فرید نگر پاکپتن کے نام سے ہوئی ہے، زخمی ڈاکو پولیس کو 10 سے زائد ڈکیتی کے مقدمات میں مطلوب تھا۔
تھانہ کھڈیاں پولیس نے ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر رحمان سٹی کالونی میں ریڈ کیا ، ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر مختلف اطراف سے سیدھی فائرنگ شروع کردی ، ڈاکو عامر عرف شاہد اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا جس کے قبضے سے پسٹل برآمد ہوا ہے ۔
پولیس نے زخمی ڈاکو کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا ہے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے تین ملزمان کو بھی ٹریس کر لیا گیا ہے جن کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔