اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان میں پنجاب میں انتخابات کے حوالے سے کیس کی سماعت آج ہو گی۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل تین رکنی بنچ صبح ساڑھے 11 بجے کیس کی سماعت کرے گا۔
سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ کو حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات سے متعلق آگاہ کیا جائے گا ۔
یاد رہے چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی طبیعت ناساز ہونے پر گزشتہ روز کیسز کی سماعت کرنے والا بنچ اچانک ڈی لسٹ کر دیا گیا تھا جس کی وجہ سے بنچ کے سامنے سماعت کیلئے مقرر تمام مقدمات کو بھی ڈی لسٹ کر دیا گیا۔
ڈی لسٹ ہونے والے بنچ نے 12 اہم مقدمات کی سماعت کرنی تھی، بنچ نمبر ون ڈی لسٹ ہونے کے بعد بنچ نمبر 2 کے مقدمات کی فہرست بھی منسوخ کر دی گئی تھی، جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل بنچ کی کاز لسٹ بھی منسوخ کر دی گئی تھی۔