الیکشن کمیشن نے انتخابات سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی

Published On 28 April,2023 10:03 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے دو صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔

الیکشن کمیشن کی 2 صفحات پر مشتمل پیش رفت رپورٹ میں فنڈز کی عدم فراہمی کا ذکر کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب اورخیبرپختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات کیلئے فنڈز نہیں ملے، الیکشن کمیشن نے فنڈز نہ ملنے کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروائی۔

سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے پیشرفت رپورٹ طلب کی تھی جس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے الیکشن کے حوالے سے فنڈز ملنے یا نہ ملنے کے حوالے سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو 27 اپریل تک فنڈز منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔

قبل ازیں سپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اراکین نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشنز کیلئے فنڈز دینے کی تحریک پھر مسترد کر دی۔

 

Advertisement