لاہور/مظفر آباد: (دنیا نیوز) لاہور میں فلور ملز مالکان نے آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں مزید 100 روپے اضافہ کر دیا، دوسری جانب آزاد کشمیر حکومت نے بھی آٹے کی قیمتیں بڑھا دی ہیں۔
فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق آٹے کی قیمت میں اضافے کے بعد مارکیٹ میں 20 کلو کا تھیلا 2800 روپے کا ہوگیا ہے۔
آٹے کی قیمت بڑھانے پر فلور ملز مالکان کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت بڑھنے کی وجہ سے آٹا مہنگا کرنا پڑا، 20 کلو تھیلے کی ایکس مل قیمت 2750 روپے اور پرچون قیمت 2800 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق مئی میں اب تک 20 کلو آٹے کا تھیلا 200 روپے مہنگا ہو چکا ہے۔
20 کلو آٹا کا تھیلا ایک دن میں 200 روپے مہنگا ہوا: فواد چودھری
ادھر پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چودھری نے کہا ہے کہ 20 کلو آٹے کے تھیلے میں ایک دن میں 200 روپے اضافہ ہوا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ کراچی میں آٹے کا تھیلا 2800 روپے اور خیبرپختونخوا میں 3400 روپے کا ہو گیا، ایک سال میں مہنگائی کے طوفان سے عام طبقے کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔
صرف ایک دن میں 20 کلو آٹے کے بیگ میں دو سو روپے اضافہ ہوا ہے، اب آٹے کی قیمت کراچی میں 2800 روپے اور خیبر پختونخواہ میں 3400 روپے پہنچ گئ ہے،ایک سال میں مہنگائ کا ایسا طوفان آیا ہے کہ مڈل اور لوئیر مڈل کلاس طبقے کی کمر ٹوٹ گئ ہے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) May 9, 2023
آزاد کشمیر حکومت نے بھی آٹے کی قیمتیں بڑھا دیں
دوسری جانب آزاد کشمیر حکومت نے بھی آٹے کی قیمت میں اضافہ کر دیا، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
محکمہ خوراک کی جانب سے جاری کردہ آٹے کی نئی قیمتوں کے نوٹیفکیشن کے مطابق 630 روپے اضافے کے بعد فی من آٹے کی قیمت 3100 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 20 کلو آٹا سبسڈی کیساتھ 1280 روپے کے بجائے 1550 روپے میں ملے گا، 40 کلو فائن آٹے کی قیمت 3100 روپے مقرر کر دی گئی، 80 کلو گرام فائن آٹا 6200 روپے جبکہ ہول سیل میں 20 کلو 1492 روپے میں میسر آئے گا۔
نئی قیمت کے مطابق 40 کلو گرام ہول سیل آٹے کی قیمت 2984 روپے مقرر کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں مارکیٹ میں آٹے کی کمی کی وجہ سے قیمتیں بھی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں، پنجاب سے خیبر پختونخوا کو گندم اور آٹے کی ترسیل پر پابندی کے خلاف فلور ملز ایسوسی ایشن نے ملز بند کرنے کی دھمکی دی تھی۔