مالی سال 24-2023 کی تیاریوں کیلئے سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس طلب

Published On 14 May,2023 12:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مالی سال 24-2023 کی تیاریوں کے حوالے سے سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس 23 مئی کو طلب کر لیا گیا۔

کمیٹی اجلاس میں نئے مالی سال کیلئے وفاقی ترقیاتی بجٹ کو حتمی شکل دی جائے گی، کوآرڈینیشن کمیٹی اگلے مالی سال کیلئے سالانہ پلان کی بھی منظوری دے گی، بجٹ میں پی ایس ڈی پی کی مد میں 9 سو ارب سے زیادہ مختص کرنے کا امکان ہے۔

3 سالہ بجٹ اسٹریٹجی پیپر 26-2023 کی اگلے ہفتے وفاقی کابینہ سے منظوری لی جائے گی جبکہ نئے مالی سال کا بجٹ 9 یا 10 جون کو پیش کیا جائے گا۔

دوسری جانب بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مالی سال 24-2023 کے بجٹ اہداف کے تعین کیلئے مشاورت جاری ہے، بجٹ اسٹرٹیجی پیپر آئندہ ہفتے وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا جاسکتا ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق اگلے مالی سال شرح نمو 3.4 فیصد اور مہنگائی کا ہدف 21 فیصد جبکہ ایف بی آر کا ٹیکس ہدف 9200 ارب روپے مقرر کرنے کی تجویز ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 30 جون تک ٹیکس کی مد میں 7640 ارب ہدف کے مقابلے میں 7200 ارب وصولی کا امکان ہے، ایف بی آر حکام آئندہ بجٹ میں زیادہ سے زیادہ 8600 ارب روپےکا ہدف مقرر کرنے کے خواہاں ہیں۔

 

Advertisement