لاہور:(دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبے کا سالانہ بجٹ 645ارب روپے کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے سالانہ بجٹ میں 560 ارب کے ڈویلپمنٹ فنڈز رکھے گئے تھے جس میں ہم نے 85 ارب کا اضافہ کر کے ڈویلپمنٹ بجٹ کو 645 ارب روپے کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سال پنجاب میں تاریخ کا سب سےبڑا ترقیاتی بجٹ لگایا جا رہا ہے جو صرف ایک شہر یا ریجن کا نہیں پنجاب کے ہر علاقےکا ترقیاتی بجٹ ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی پروگرام کا اعزاز تحریک انصاف کی حکومت کو حاصل ہواہے- صوبے میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز ہوگی،صحت،تعلیم،انفراسٹرکچراور دیگر شعبوں کے منصوبوں کے لئے مزید فنڈز دستیاب ہوں گے، فلاح عامہ کے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کریں گے اور رواں مالی برس عوام کی سہولتوں کی فراہمی کے متعدد منصوبے مکمل ہوں گے۔