اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں متبادل ذرائع سے توانائی بالخصوص شمسی توانائی سے متعلق پالیسی سازی پر جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء خواجہ آصف، خرم دستگیر خان، سید نوید قمر، ریاض حسین پیرزادہ، مشیرِ وزیر اعظم احد چیمہ، معاونِ خصوصی جہانزیب خان، چیئرمین نیپرا اور متعلقہ حکام نے شرکت کی، اس موقع پر ملک گیر سولرائزیشن منصوبے پر پیشرفت اور متبادل ذرائع سے توانائی کی پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں حکومت نے متبادل ذائع بالخصوص شمسی ذرائع سے بجلی کی پیداوار کیلئے اقدامات یقینی بنائے ہیں، سرکاری عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے عمل کو تیز کیا جائے، شمسی توانائی سے نہ صرف کم لاگت بجلی کی پیداوار ممکن ہوگی بلکہ قیمتی زرمبادلہ بھی بچایا جا سکے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شمسی توانائی سے متعلق پالیسی سازی کے عمل کو تیز کرکے جلد اسے حتمی شکل دی جائے، پاکستان میں شمسی توانائی کی وسیع استعداد موجود ہے۔