بلوچستان کے آئندہ مالی سال کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

Published On 19 June,2023 05:03 am

کوئٹہ : ( دنیا نیوز ) بلوچستان کے آئندہ مالی سال کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، صوبائی وزیرخزانہ انجنیئر زمرک خان شام 4 بجے پیش کریں گے ۔

ذرائع محکمہ خزانہ کے مطابق این ایف سی ایوارڈ کے تحت بلوچستان کا وفاق سے آمدنی کا مجموعی تخمینہ 4 سو 79 ارب روپے ہے جبکہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت براہ راست منتقلیوں کی مد میں 20 ارب 6 کروڑ روپے ملیں گے۔

ذرائع محکمہ خزانہ نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کے لیے بلوچستان کے اپنے وسائل سے آمدنی کا تخمینہ 60 ارب 32 کروڑ جبکہ غیرملکی اور سرمایہ جاتی محصولات سے 22 ارب روپے کی آمدنی متوقع ہے ، وفاقی گرانٹس کی مد میں 28 ارب 21 کروڑ اور قابل تقسیم محاصل سے آمدنی کا تخمینہ 4 سو 58 ارب 96 کروڑ روپے ہے۔

ذرائع محکمہ خزانہ نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کے لیے مختلف مدات سے آمدنی کا تخمینہ 5 سو 89 ارب 53 کروڑ روپے کے لگ بھگ ہوگا جبکہ غیر ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 3 سو 57 ارب 16 کروڑ روپے سے زیادہ ہوگا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پی ایس ڈی پی سے باہر ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 12ارب 63 کروڑ روپے ہے جبکہ پی ایس ڈی پی کے تحت ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 100 ارب روپے سے زائد ہوگا۔