اقتصادی رابطہ کمیٹی: کے الیکٹرک صارفین پر 1 روپے 52 پیسے سرچارچ عائد کرنے کی منظوری

اقتصادی رابطہ کمیٹی: کے الیکٹرک صارفین پر 1 روپے 52 پیسے سرچارچ عائد کرنے کی منظوری

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ہدایت کی ہے کہ کے الیکٹرک صارفین سے سرچارج 12 ماہ میں وصول کیا جائے، اجلاس میں کے الیکٹرک کیلئے 76 ارب روپے کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

ای سی سی نے آئی پی پیز کو آئندہ پانچ ماہ کی ادائیگی کیلئے فنڈز جاری کرنے کی بھی منظوری دی، آئی پی پیز کو ماہانہ 4 ارب روپے کی ادائیگی کی جائے گی، آزاد کشمیر کیلئے واجبات کی مد میں 56 ارب روپے کی ادائیگی کیلئے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔

فارما سیوٹیکل خام مال درآمد کرنے کیلئے امپورٹ پالیسی آرڈر میں ترامیم منظور کر لیں، حکومتی ایجنسیز فارماسیوٹیکل خام مال درآمد کر سکیں گی، وزارت تعلیم کیلئے 56 کروڑ 71 لاکھ کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ، تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ کیلئے 4 کروڑ روپے ایک اور گرانٹ منظور کی گئی۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق وفاقی ٹیکس محتسب سیکرٹریٹ ملازمین کے اخراجات کیلئے 1 کروڑ 40 لاکھ، رینجرز کے ہیلی کاپٹر کے مرمتی کاموں کیلئے 1 کروڑ 92 لاکھ کی تکنیکی گرانٹ، آئی بی کیلئے 15 کروڑ، وزارت ہاؤسنگ کیلئے 50 کروڑ کی تکنیکی گرانٹ منظور کی گئی۔