کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں 14 سے 18 گھنٹے بجلی کی بندش پر وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ نےعوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، کے الیکٹرک نے پیپلز پارٹی کے اکثریتی علاقوں کو جان بوجھ کر ٹارگٹ کیا ہوا ہے۔
وزیر توانائی سندھ نے کہا کہ مسلسل ادائیگی کرنے والے صارفین کو کس جرم کی سزا دی جا رہی ہے، کے الیکٹرک نجی ادارہ ہونے پر من مانیاں کر رہا ہے جو ناقابل برداشت ہیں، غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور زائد بلنگ کی شکایات برداشت کی حدیں عبور کرچکی ہیں۔
امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ نجی کمپنیز جو کے الیکٹرک لینے میں دلچسپی رکھتی ہیں صوبائی اور وفاقی حکومت سےرابطہ کریں، سندھ حکومت ان کی مدد کرے گی، صوبائی حکومت کےالیکٹرک، حیسکو، سیپکوکے بارے میں شکایات پر وفاقی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے۔
خیال رہے کہ کراچی میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ سے عوام بے حال ہیں، صبح سویرے شہر کے مختلف علاقوں سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی 6 سے 8 گھنٹے تک بجلی غائب رہتی ہے۔
مزید برآں رات کے اوقات میں شہر میں غیر اعلانیہ بجلی کی بندش سے شہری نالاں ہیں جبکہ بجلی کی طویل بندش کے باوجود بل دگنے سے بھی زیادہ آ رہے ہیں۔