آزاد کشمیر میں بجلی بلوں کیخلاف احتجاج اور شٹر ڈاؤن ہڑتال، سڑکیں بند

Published On 05 September,2023 11:36 am

مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر میں مہنگائی، بجلی کے ٹیرف میں اضافے اور سرکاری نرخوں پر آٹے کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔

میرپور اور پونچھ ڈویژن کے سات اضلاع میں پہیہ جام و شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے، اس دوران وزیراعظم آزاد کشمیر سینئر وزیر کے آبائی ضلع بھمبر میں کشیدگی کا امکان ہے۔

میرپور اور کوٹلی کے عوام کا مہنگائی کے خلاف پارہ ہائی ہے، اس سلسلے میں عوامی ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

میرپور اور پونچھ ڈویژن کے عوام، تاجر، وکلاء اور بلدیاتی نمائندے شٹر ڈاون و پہیہ جام ہڑتال کی کامیابی کیلئے پرعزم ہیں۔

:میرپور اور پونچھ ڈویژن میں پہیہ جام شٹرڈاون ہڑتال کے دوران سرکاری گاڑیوں کے توڑ پھوڑ کا امکان ہے، اسی تناظر میں : انتظامیہ نے افسروں کو سرکاری گاڑیوں کے بغیر دفتروں میں پہنچنے کی ہدایت کردی۔

دوسری جانب باغ سمیت پونچھ ڈویژن کے چار اضلاع میں بجلی بلوں کے خلاف پہیہ جام ہڑتال کے باعث گاڑیوں کی آمدورفت معطل جب کہ میڈیکل سٹورز سمیت تمام کاروبار بند ہیں۔

ہڑتال کے باعث تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے بھی بند کردیئے گئے اور امن وامان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی۔

ضلع باغ، راولاکوٹ سمیت تمام سب ڈویژنز میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔