بھارت کشمیریوں کو خاموش کرنے کیلئے غیر انسانی حربے استعمال کر رہا ہے، مشعال ملک

Published On 02 September,2023 10:26 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) انسانی حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے کے بارے میں نگران وزیر اعظم کی معاون خصوصی مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کو خاموش کرنے کے لیے طرح طرح کے غیر انسانی حربے استعمال کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت غیر کشمیریوں کو وادی میں آباد کر کے غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور کشمیری عوام کئی دہائیوں سے قابض افواج کے مظالم کا سامنا کر رہے ہیں لیکن بھارت سچائی کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔

مشعال ملک کا کہنا تھا کہ کشمیری نوجوانوں اور صحافیوں کی آواز کو خاموش کرنے کے لیے سخت قوانین کا استعمال کیا جا رہا ہے، عالمی برادری کو آگے بڑھ کر نئی دہلی کو مقبوضہ علاقے میں اس کے جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے لیے جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ مودی کی زیرقیادت حکومت تمام سیاسی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کرے اور کشمیری عوام کو اپنی مرضی کے مطابق قسمت کا فیصلہ کرنے دیں۔

مشعال ملک نے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کو روکنے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کریں۔