نگران وزیراعظم سے ترکمانستان کے سفیر کی ملاقات، تجارت، توانائی، اقتصادی رابطوں پر تبادلہ خیال

Published On 11 September,2023 10:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ترکمانستان کے سفیر عطاجان مولاموف نے ملاقات کی، ملاقات میں تجارت، توانائی، اقتصادی رابطوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نگران وزیراعظم اور ترکمانستان کے سفیر کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت ہوئی، سفیر نے ترکمان قیادت کی جانب سے وزیراعظم کو تقرری پر مبارکباد دی، وزیراعظم کی جانب سے پرتپاک نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان بہترین برادرانہ تعلقات ہیں، وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کی امید کا اظہار کیا، تجارت، توانائی، اقتصادی رابطوں اورعوامی رابطوں میں تعاون پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

نگران وزیراعظم نے توانائی اور بجلی کے منصوبوں کی جلد تکمیل کی ضرورت پر بھی زور دیا، سفیر نے ان مخصوص اقدامات کے ساتھ ساتھ دو طرفہ تعلقات کے مجموعی دائرہ کار اور وسعت کو بڑھانے کے لئے تعاون کی خواہش کا اعادہ کیا۔