اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کا 260 ارب روپے کا قرض دو سال کیلئے مؤخر کئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پی آئی اے کے قرض کو مؤخر کرنے کیلئے حکومتی گارنٹی فراہم کی گئی ہے، اخراجات اور مالی آپریشنز کیلئے پی آئی اے کو 14 ارب کا نیا قرض بھی دلوایا گیا ہے جس کے بعد پی آئی اے کو ٹیکس بقایاجات ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
پی آئی اے نے وزارت خزانہ سے مالی آپریشنز کیلئے 23 ارب روپے مانگے تھے، پی آئی اے نے فلائٹ ٹکٹس پر ملنے والی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی بھی ادا نہیں کی تھی، نیا قرض ملنے کے بعد ایف بی آر کو ٹیکس ادائیگیاں کی جائیں گی۔
نگران وزیر خزانہ نے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز میں سٹرکچرل اصلاحات کیلئے پلان بھی طلب کر لیا ہے، پی آئی اے نے حکومتی گارنٹی کی بنا پر مختلف کمرشل بنکوں سے قرض لیا ہوا ہے۔