اسلام آباد: (دنیا نیوز) مالی مشکلات کا شکار قومی ایئر لائن کو ایف بی آر سے بڑا ریلیف مل گیا، ایف بی آر نے پی آئی اے کے تمام اکاؤنٹس بحال کر دیے۔
ایف بی آر کے مطابق پی آئی اے نے تحریری طور پر رواں ماہ ادائیگی کی یقین دہانی کروائی ہے، رواں ماہ قومی ایئر لائنز ایف بی آر کو 2 ارب 50 کروڑ روپے ادا کرے گی، پی آئی اے نے مجموعی طور پر 8 ارب روپے کی ادائیگی کرنی ہے۔
خیال رہے کہ ایف بی آر نے ایک ہفتہ قبل فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کے تمام بینک اکائونٹس منجمد کر دیے تھے، بینک اکاؤنٹس منجمد ہونے سے پی آئی اے کو شدید مالی مشکلات کا سامنا تھا۔
بینک اکاونٹس منجمد ہونے سے پی آئی اے ملازمین کو اگست کی تنخواہیں جاری کرنے میں تاخیر ہوئی، تاہم اب ایف بی آر نے پی آئی اے کے بینک اکاؤنٹس بحال کر دیے ہیں۔