نگران وفاقی حکومت نے 19 رکنی صنعتی مشاورتی کونسل تشکیل دے دی

Published On 18 November,2023 11:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وفاقی حکومت نے 19 رکنی صنعتی مشاورتی کونسل تشکیل دیتے ہوئے نگران وزیر صنعت و تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز کو انڈسٹریل ایڈوائزری کونسل کا چیئرمین مقرر کر دیا۔

انڈسٹریل ایڈوائزری کونسل میں نجی شعبے سے 12 ارکان جبکہ 6 سرکاری اراکین بھی شامل ہوں گے، کونسل میں نجی شعبے سے محمد علی ٹبہ، فواد احمد مختار، رضا منشا، عامر فیاض شیخ، وقار احمد ملک، عبد الصمد داؤد، احسن بشیر اور سمیر چنائے شامل ہیں۔

جوائنٹ سیکرٹری صنعت و پیداوار بھی 19 رکنی ٹیم میں شامل ہیں جو کونسل کے سیکرٹری کے طور پر فرائض انجام دیں گے، کونسل 10 ہفتوں میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی، وزارت صنعت و پیداوار نے صنعتی مشاورتی کونسل کی تشکیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔