اسلام آباد: (دنیا نیوز) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے بجٹ انتہائی ناکافی ہے۔
آئی ایم ایف نے پبلک انویسٹمنٹ بارے رپورٹ میں کہا کہ سال 2050ء تک پاکستان کی معیشت قدرتی آفات سے 9 فیصد تک متاثر ہو سکتی ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے انتہائی رسک والے ملک میں شامل ہے، سال 2022ء کے سیلاب سے پاکستان میں 3 کروڑ لوگ متاثر ہوئے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث سال 2000ء سے 2 ارب ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے، ہر سال 500 افراد قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہلاک ہو رہے ہیں، پاکستان میں مجموعی طور پر ہر سال 40 لاکھ افراد موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہو رہے ہیں۔
آئی ایم ایف کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیاں زراعت اور انفراسٹرکچر کو تباہ کر رہی ہیں، پاکستان ترقیاتی بجٹ میں موسمی تبدیلیوں کے پروجیکٹس کو ترجیح دے، پاکستان کے ترقیاتی منصوبے بجٹ سے 14 گنا زیادہ ہیں۔