اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں مہنگائی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، مجموعی شرح 41.90 فیصد تک پہنچ گئی، ایک ہفتے کے دوران 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 9.95 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد مہنگائی کی مجموعی شرح 41.90 فیصد پر پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران قدرتی گیس کی قیمتوں میں 480 فیصد تک کا بڑا اضافہ ہوا، گیس چارجز کی قیمت 295 ایم بی بی ٹی یو سے بڑھ کر 1711 ایم ایم بی ٹی یو ہو گئی۔
حالیہ ہفتے کے دوران 190 گرام چائے کی قیمت میں 49 روپے 94 پیسے ، دال مسور فی کلو 16 روپے 36 پیسے ، چکن کی فی کلو قیمت میں 14 روپے کا اضافہ ہوا۔
آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 72 روپے 55 پیسے مہنگا ہوگیا، رواں ہفتے کے دوران 25 اشیاء ضروریہ مہنگی،13 میں کمی اور 13 میں استحکام رہا۔