اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں ایک ہفتے کے دوران 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے دام بڑھے جبکہ مہنگائی کی مجموعی شرح بڑھ کر 37 اعشاریہ 07 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ 11 فیصد کا اضافہ ہوا اور مہنگائی کی مجموعی شرح 37 اعشاریہ 07 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران چینی کی اوسطاً قیمت میں 1 روپے فی کلو اور ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 11 روپے کا اضافہ ہوا جبکہ آلو، پیاز، ٹماٹر، انڈے، دودھ سمیت 19 اشیاء ضروریہ کے دام بھی بڑھ گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 98 روپے مہنگا ہوا جس کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت 3232 روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ جلانے کی لکڑی، تازہ دودھ، دہی، مٹن اور خشک دودھ کے داموں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے پٹرولیم مصنوعات، چکن، دال مسور، دال چنا کی قیمتوں میں کمی آئی، ایک ہفتے کے دوران دال ماش، آٹا، سرسوں کا تیل اور گھی بھی سستا ہوا۔