لاہور: (دنیا نیوز) ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں مزید صفر اعشاریہ 93 فیصد کا اضافہ ہوگیا، ادارہ شماریات نے رپورٹ جاری کر دی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 38.66 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے، رواں ہفتے اشیائے خورونوش، پٹرولیم مصنوعات سمیت 22 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، پیاز، دال مسور، دال مونگ، دال ماش، فی درجن انڈے، چکن اور مٹن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چکن کی فی کلو قیمت میں تقریباً 32 روپے کا اضافہ ہوا جبکہ ایل پی جی گھریلو سلنڈر 15 روپے مزید مہنگا ہوگیا، ایل پی جی گھریلو سلنڈر کی قیمت 3 ہزار 133 روپے سے بڑھ کر 3 ہزار 147 روپے سے زائد ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق دال مسور 80 پیسے، دال مونگ 30 پیسے، دال ماش 17 پیسے فی کلو جبکہ انڈے 1 روپیہ 10 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے، ہفتہ وار فوڈ آئٹمز اور نان فوڈ آئٹمز کی قیمتوں میں 118 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔