لوئر دیر: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی نے مہنگائی اور بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف احتجاج اور دھرنے کا اعلان کر دیا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے تیمرگرہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 18 ستمبر کو بجلی کے بھاری بلوں اور مہنگائی کے خلاف پشاور گورنر ہاؤس کے سامنے احتجاجی دھرنا دیں گے، بالترتیب تمام گورنر ہاؤسز کے سا منے بھرپور احتجاج ہو گا جو غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا۔
سراج الحق نے کہا کہ آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی اور مہنگائی کنٹرول نہ کی گئی تو اگلے لائحہ عمل کا جلد اعلان کریں گے، اگلا اقدام پہیہ جام ہڑتال کی صورت میں ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: آج ملک میں موت سستی اور باقی سب کچھ مہنگا ہے: سراج الحق
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 2 ستمبر کی کامیاب ہڑتال حکمرانوں کے لیے نوشتہ دیوار ہے، مختصر کابینہ اگر سمگلنگ کنٹرول کرسکتی ہے تو مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے بھی اقدامات اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق الیکشن کمیشن 90 دن کے اندر عام انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے، عام انتخابات کا بروقت انعقاد نہ ہوا تو جلد سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں جلد از ایک ہی دن عام انتخابات کے انعقاد پر متفق ہو جائیں۔