معیشت تباہ، مہنگائی کے ڈیرے، پاکستان کو بچانا ہے تو کرپشن کو ختم کرنا ہوگا، سراج الحق

Published On 05 September,2023 11:26 pm

رینالہ خورد: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا معیشت تباہ ہوچکی، مہنگائی کے ڈیرے ہیں اگر پاکستان کو بچانا ہے تو ملک سے کرپشن کو ختم کرنا ہوگا۔

رینالہ خورد میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا بے پناہ مسائل کے باعث ملکی حالات بہت خراب ہیں، ہم ان حالات کو بدلنا چاہتے ہیں، ملک کلمہ کی بنیاد پرحاصل کیا گیا تھا، پاکستان میں اللہ کا نظام ہونا چاہئے، 76سال گزر گئے آج بھی پاکستان میں انگریز کا نظام ہے، سکولوں اور کالجز میں انگریز کا نظام چل رہا ہے ہم اپنا نظام نہیں بنا سکے یہ ہماری نااہلی ہے۔

سراج الحق نے کہا جماعت اسلامی سرمایہ داروں اور جاگیر داروں کی جماعت نہیں ہے، جماعت اسلامی غریب کی اور مڈل مین کی جماعت ہے، پیپلز پارٹی نے روٹی، کپڑا اور مکان کے نام پرعوام کو دھوکہ دیا، پی ٹی آئی کے چار سالہ دورحکومت میں کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے گئے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا پرویز مشرف نے سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگایا لیکن پاکستان کے لئے کچھ بھی نہیں کیا، پی ڈی ایم نے 18 ماہ ملک میں حکومت کی، آج ہر طرف مہنگائی کے ڈیرے ہیں، ملکی معیشت تباہی کی جانب گامزن ہے، یہ سب سیاستدانوں کا کیا دھرا ہے، ہمارے ملک کے پونے تین کروڑ بچے سکول جانے سے محروم ہیں۔

سراج الحق نے مزید کہا آرمی چیف عاصم منیر نے کراچی میں تاجروں کو بلایا، تاجروں کو بتایا کہ پاکستان میں کرپشن نے اپنے پنجے جما رکھے ہیں، اگر پاکستان کو بچانا ہے تو کرپشن کو ختم کرنا ہوگا، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے شمار قدرتی وسائل سے نوازا ہے، آج پاکستان کا روپیہ انڈیا بنگلہ دیش سے بھی کمزور ہو گیا ہے۔

سراج الحق نے کہا جماعت اسلامی پاکستان میں انقلاب لانا چاہتی ہے، ہمارا ساتھ دیں، 18 ستمبر کو ملک کے تمام گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنا دیں گے۔