اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیر نجکاری فواد حسن فواد کی زیر صدارت نجکاری کمیشن بورڈ کا اجلاس ہوا۔
بورڈ نے ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی کیلئے ٹرانزیکشن کمیٹیوں کی تشکیل کی منظوری دیدی، کمیٹی ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی کے لین دین کے اختتام کیلئے مذاکرات کرے گی، منگل کو دوبارہ ہونے والے بورڈ اجلاس میں ڈرافٹ سکیم آف ارینجمنٹ کی منظوری دی جائے گی، بورڈ کی منظوری کے بعد لین دین کو حتمی منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کو بھیجا جائے گا۔
اجلاس کے جاری اعلامیہ میں کہا گیا پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے قانونی نکات سے متعلق جائزہ لیا گیا، جس کا مقصد ایوی ایشن کے کاروبار اور پی آئی اے کے اثاثوں کو الگ کرنا ہے، تجویز کے تحت غیر بنیادی اثاثوں کو ہولڈنگ کمپنی کے ڈھانچے میں شامل کیا جائے گا، الگ الگ ڈھانچوں میں تقسیم کا مقصد مزید نجکاری عمل میں شامل کرنا ہے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا اجلاس میں نجکاری سے متعلق مزید اقدامات کیلئے روڈ میپ پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا، قانونی تقسیم سے متعلق تجویز حتمی منظوری کے لئے وفاقی کابینہ میں پیش ہوگی۔