اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں اپنے انتخابی منشور میں خصوصی افراد کیلئے پروگرام پیش کریں۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے نیشنل پریس کلب میں پاکستان ڈس ایبلڈ فاؤنڈیشن کے زیراہتمام خصوصی افراد کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی انسان ڈس ایبل نہیں، قدرت نے انسانیت کو لامحدود صلاحیتوں سے نواز رکھا ہے، خصوصی افراد بھی ووٹ کا حق رکھتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ جو لوگ آنکھوں سے دیکھ نہیں سکتے وہ دل کی روشنی سے بہت کچھ دیکھ سکتے ہیں، ہمیں معاشرے کے خصوصی افراد کی ضروریات کا خیال رکھنا چاہئے، دنیا کے تمام ترقی یافتہ ممالک میں خصوصی افراد کی ضرورت کا خیال رکھا جاتا ہے کیونکہ تمام لوگوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔
مرتضیٰ سولنگی نے امریکہ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی ہر سڑک اور چوراہے پر سڑکوں کی تعمیر کے اندر اس طرح سے کٹاؤ کیا جاتا ہے کہ کوئی آدمی وہیل چیئر پر با آسانی گزر سکے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں بلڈنگ کوڈز میں ان چیزوں کا خیال نہیں رکھا جاتا۔
نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ خصوصی افراد کے حقوق کے لئے قانون سازی کی ضرورت ہے اور قانون سازی منتخب نمائندے کرتے ہیں، انتخابات سے چند ہفتے قبل خصوصی افراد کی تقریب منعقد ہو رہی ہے، بڑی سیاسی جماعتیں منشور سازی میں مصروف ہیں اور وہ نکات کی صورت میں اپنے پروگرام دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کے پاس ووٹ کا حق ہے، وہ سیاسی جماعتوں کی قیادت کے سامنے اپنے جائز مطالبات پیش کریں اور ان جماعتوں کو ووٹ دیں جو ان کے مطالبات پورے کریں۔