وزیراعلیٰ کا پولیس خدمت مرکز لبرٹی کا دورہ، فراہم کردہ سہولیات کو سراہا

Published On 03 January,2024 09:50 am

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پولیس خدمت مرکز لبرٹی میں فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہا۔

وزیراعلیٰ پنجاب رات گئے پولیس خدمت مرکز لبرٹی پہنچے، محسن نقوی نے خدمت مرکز کا تفصیلی دورہ کیا اور ڈرائیونگ لائسنس کے لئے ٹیسٹ دینے والے شہریوں سے ملاقات کے دوران آن لائن ٹیسٹ کا مشاہدہ بھی کیا۔

انسپکٹرجنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹیسٹ میں فیل ہونے پر شہری کو دوبارہ تیاری کے ساتھ آنے کی ہدایت کی اور شہریوں سے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے عمل اور وقت کے بارے دریافت کیا۔

اس موقع پر شہریوں نے پولیس خدمت مرکز میں ڈرائیونگ لائسنس کے سسٹم کو سراہا اور خدمت مرکز میں موجود عملے کے رویے اور کام کی بھی تعریف کی۔

محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں کا کہنا تھا کہ اب لائسنس بنوانے میں تاخیر نہیں ہوتی اور نہ ہی انتظار کرنا پڑتا ہے ، خدمت مرکز کا عملہ بھی رہنمائی اور بہت تعاون کرتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے خدمت مرکز میں ٹوٹی ہوئی ٹائلز کو فوری تبدیل کرنے کا بھی حکم دیتے ہوئے کہا کہ ٹوٹی ٹائلز کی جگہ فوری طور پر نئی ٹائلز لگائی جائیں۔