کوئٹہ: (ویب ڈیسک) نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ دنیا میں قیام امن کیلئے مذاہب اور تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی اشد ضرورت ہے۔
نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کوئٹہ میں بین المذاہب ہم آہنگی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علماء و مشائخ سے ملاقات اور سیمینار کا مقصد مذہبی ہم آہنگی اور باہمی احترام کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
سیمینار میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی عبدالخبیر آزاد ، مولانا انوارالحق حقانی، مفتی روزی خان، ڈاکٹر عطاالرحمن، سردار جسبیر سنگھ، ڈاکٹر انند بھاٹیہ، بلوچستان رورل ڈویلپمنٹ پروگرام کے سربراہ نادر گل بڑیچ، بشپ آف کوئٹہ ریورنڈ سائمن بشیر، مسز روشن خورشید بروچہ و دیگرنے شرکت کی، انیق احمد نے کہا کہ حکومت بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔
انیق احمد نے کہا کہ برداشت اور احترام کا رویہ اسلام کی تعلیمات کا لازمی جزو ہے، علما و مشائخ سے ملاقات اور سیمینار کا مقصد مذہبی ہم آہنگی اور باہمی احترام کو مزید مضبوط بنانا ہے، دین اسلام بین المذاہب ہم آہنگی کا درس دیتا ہے۔
مختلف مذاہب میں مکالمے کا دروازہ کھولنے کیلئے اسلام کا فلسفہ نہایت حقیقت پسندانہ اور واضح ہے، پر امن معاشرے کی تشکیل کیلئے تضادات کو سمجھنا نہایت ہی ضروری ہوتا ہے، دنیا میں قیام امن کے حصول کیلئے اسلام کےزریں اصولوں پر عمل کرنا ہو گا، اس سے قبل اقلیتی برادری کے سردار جسبیر سنگھ نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں ملکی ترقی میں شانہ بشانہ کردار ادا کر رہی ہیں۔