لاہور:(دنیا نیوز) آئی ایم ایف کی شرائط پر توانائی شعبے کا گردشی قرضہ کم کرنے کیلئے 1250 ارب روپے جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
توانائی شعبے کا 1250 ارب روپے گردشی قرضہ سیٹل کرنے کا پلان بھی آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر کر دیا جائے گا، جبکہ پٹرولیم سیکٹر کیلئے 1000 ارب اور پاور سیکٹر کیلئے 250 ارب جاری کئے جائیں گے۔
ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ نگران وزیراعظم انوارلحق کاکڑ کو پلان کے متعلق بریفنگ دے دی گئی ، وزیر اعظم نے آئی ایم ایف سے منظوری کیلئے ہدایات جاری کر دیں۔
آئی ایم ایف کی شرائط پرعملدرآمد کرتے ہوئے گردشی قرضہ کیلئے رقم مختص کی جائے گی جبکہ جی ڈی سی ایل کو 600 ارب، پی پی ایل کو 150 ارب، جی ایچ پی ایل کو 170 ارب اور نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ کو بھی 100 ارب روپے جاری کیے جائیں گے۔
ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے وزیراعظم آفس کی جانب سے ہدایات کی گئی ہیں کہ وزارت خزانہ کی توانائی شعبے کے گردشی قرضہ کی سیٹلمنٹ کیلئے آئی ایم ایف سے منظوری لازمی ہے، منظوری کے بعد وزارت خزانہ 900 ارب روپے جاری کرے گی۔
ذرائع وزارت خزانہ گردشی قرضہ کی سیٹلمنٹ سے ٹیکس کی مد میں 800 ارب روپے موصول ہوں گے، گردشی قرضہ کی سیٹلمنٹ کیلئے رقم جاری ہونے سے مالیاتی خسارہ نہیں بڑھے گا۔