لاہور: (دنیا نیوز) انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان میں بیروزگاری اور مہنگائی میں کمی کی پیش گوئی کر دی۔
آئی ایم ایف نے گزشتہ سال کے مقابلے پاکستان کی معاشی شرح نمو میں اضافے کا بھی امکان ظاہر کیا ہے
انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کو پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں اضافے اور بجٹ خسارے میں کمی کی توقع ہے، آئی ایم ایف نے اخراجات، محصولات اور گرانٹس میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال پاکستان میں مہنگائی کی اوسط شرح 18.5 فیصد رہنے کا امکان ہے، گزشتہ مالی سال پاکستان میں اوسط مہنگائی 29.4 فیصد تھی، رواں مالی سال پاکستان میں بیروزگاری کی شرح 8 فیصد رہنے کی توقع ہے، گزشتہ مالی سال پاکستان میں بے روزگاری کی شرح 8.5 فیصد تھی۔
انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال پاکستان کا بجٹ خسارہ جی ڈی پی کے 7.6 فیصد جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے 1.6 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، گزشتہ مالی سال پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے 0.7 فیصد تھا۔