اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے تحفظات ہیں، ڈالرکی قیمت کم ہو یا زیادہ، کمپنیوں کی طرف سے اضافے کی درخواست آجاتی ہے۔
صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ صرف 25 سے 27 فیصد شہریوں کو گیس کی سہولت میسر ہے، 70 فیصد سے زائد عوام کو گیس کی سہولت میسر ہی نہیں، گیس کا مسئلہ بھی صرف 25 سے 27 فیصد عوام کیلئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ 99 فیصد عوام بجلی کے سسٹم سے جڑے ہیں، سستی بجلی کی فراہمی ہی مسائل کا حل ہے، ایل این جی پر پلانٹس چلانے سے بجلی 22 سے 26 روپے فی یونٹ پیدا ہوتی ہے، مقامی گیس پر بجلی بنانے سے فی یونٹ قیمت 10 سے 12 روپے رہ جاتی ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ ویل ہیڈ قیمت پر پلانٹس چلانے سے بجلی کی قیمت 5 سے 6 روپے فی یونٹ رہ جائے گی، گیس بچانے کیلئے ہم نےعوام کو سستی بجلی دینی ہے۔
وزیر پٹرولیم نے کہا کہ روس سے نجی شعبے کے ذریعے تیل درآمد ہو رہا ہے، کیپٹو پاور پلانٹس کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے، پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کے نفاذ کی بات ابھی میرے علم میں نہیں۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایل این جی کے 6 پاور پلانٹس انتہائی ایفیشنٹ ہیں، توانائی کے شعبے میں سب کو لیول پلیئنگ فیلڈ دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے کا گردشی قرض 5 ہزار ارب روپے ہوچکا ہے، گردشی قرضے سے جان چھڑانے کیلئے اصلاحات لانا ہوں گی۔