اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر تجارت نے ای ڈی ایف پراجیکٹس کا جامع جائزہ لینے کا حکم دے دیا۔
جام کمال خان نے حالیہ برسوں میں ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی جانب سے فنڈز فراہم کئے گئے منصوبوں کا مکمل جائزہ لینے کی ہدایت کی، جام کمال نے کہا کہ جائزہ لیا جائے کہ کیسے برآمدی ترقی کو تقویت ملی سکتی ہے، برآمدات میں بہتری کے لئے شعبوں کی نشاندہی کی جائے۔
وزارت تجارت نے کہا کہ ای ڈی ایف کی مالی اعانت سے چلنے والے منصوبوں میں شامل مختلف سٹیک ہولڈرز کو خطوط کی ایک سیریز کے ذریعے اس ہدایت سے مطلع کیا، ان خطوط میں تفصیلی پراگریس رپورٹس اور اپ ڈیٹس مانگی گئی ہیں۔
جام کمال نے بتایا کہ نمایاں منصوبوں میں REAP کے پروجیکٹس، چائلڈ لیبر کا خاتمہ، سیالکوٹ کی ساکر بال انڈسٹری، سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ، اٹلی، پاکستان ٹیکنولوجیکل سینٹر، سیالکوٹ میں کھیلوں کے سامان کی تربیت اور سہولت سینٹر میں ہائی سکین انسپکشن سسٹم، ٹینریز زون، کٹلری انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان، وزیر آباد، ریڈی میڈ گارمنٹس اور نٹ ویئر انڈسٹری میں ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ ٹریننگ پروگرام اور دیگر شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کے بارے میں جامع معلومات تین ہفتوں کے اندر جمع کرائی جائیں، ان ہدایت کا مقصد ای ڈی ایف کے استعمال میں احتساب اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے، وزارت تجارت پاکستانی برآمدات کو فروغ دینے اور مستقبل میں فنڈنگ کے فیصلوں کی رہنمائی کے لئے ان کا تعین کرنا چاہتی ہے۔