راولپنڈی: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے راولپنڈی میں گرین پاکستان انیشیٹو کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔
صدر مملکت کو گرین پاکستان انیشیٹو کے ہیڈ کوارٹرز آمد پر انیشیٹو اور لینڈ انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم کے آپریشنز کے بارے میں بریفنگ دی گئی، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی اس موقع پر موجود تھے۔
صدر مملکت کو بریفنگ میں جدید خطوط پر پانی کے بہتر انتظام کے حوالے سے آگاہ کیا گیا، گرین پاکستان انیشیٹو کے تحت زراعت، نہروں کی صفائی، آئی ٹی پر مبنی آپریشنز اور زرعی شعبے میں پانی کے مؤثر انتظام کے بارے میں بھی بتایا گیا۔
صدر مملکت کو بریفنگ میں کسانوں کی سہولت اور زرعی شعبے کی ترقی کیلئے زرعی مالز کے تصور اور ایگریکلچر سمارٹ فارمز کے آپریشنز بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، صدر نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت گرین پاکستان انیشیٹو اور لینڈ انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم کی خدمات کو سراہا۔
صدر مملکت نے گرین پاکستان انیشیٹو ٹیم کی حوصلہ افزائی کی، قومی و اقتصادی ترقی کیلئے یکساں جذبے کے ساتھ کام کرنے پر زور دیا، پاکستان کے روشن مستقبل کے لئے صدر مملکت نے گرین پاکستان انیشیٹو کے مقاصد کے حصول کیلئے تمام صوبوں کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔