مہنگی بجلی، صارفین میں شمسی توانائی کے استعمال کا جحان بڑھ گیا

Published On 15 May,2024 11:20 am

اسلام آباد: (ذیشان یوسفزئی) بجلی مہنگی ہونے کے باعث صارفین میں شمسی توانائی کے استعمال کا رجحان بڑھ گیا۔

نیشنل گریڈ سے بجلی کی خریداری میں مسلسل کمی ہو رہی ہے جس کے بارے میں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا کو آگاہ کر دیا۔

دستاویز کے مطابق مارچ میں بجلی کی کھپت میں مجموعی طور پر 7.5 فیصد کمی ہوئی اور بجلی کے استعمال میں سب سے زیادہ کمی بلک اور گھریلو صارفین نے کی۔

نیپرا کو جمع کروائی گئی دستاویز میں کہا گیا ہے کہ گھریلو صارفین نے مارچ میں 11.3 فیصد بجلی کم استعمال کی جبکہ بلک صارفین نے مارچ میں بجلی کا 34.5 فیصد استعمال کم کیا اسی طرح صنعتی صارفین نے بھی 4.5 فیصد بجلی کم استعمال کی ہے۔

سی پی پی اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مارچ میں کمرشل صارفین نے 2.8 فیصد کم بجلی استعمال کی اور بجلی کی کھپت میں کمی پر ایک مستند سٹڈی کی ضرورت ہے۔