اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئندہ مالی سال کے دوران ایکسٹرنل فنانسنگ کے ابتدائی تخمینہ پر حکومتی معاشی ٹیم کے آئی ایم ایف سے مذاکرات جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق معاشی ٹیم نے آئندہ مالی سال کے دوران ایکسٹرنل فنانسنگ کا ابتدائی تخمینہ 22 ارب ڈالر تک لگایا ہے، آئندہ مالی سال کے دوران پانڈا بانڈز کا اجرا آئی ایم ایف کیساتھ شیئر کردہ پلان میں شامل ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ آئندہ مالی سال کے دوران حکومت کا ڈیڑھ ارب ڈالر سے زائد کے انٹرنیشنل سکوک بانڈز کے اجراء کا پلان ہے، دوست ممالک سے تقریباً 12 ارب ڈالر قرض رول اوور کروانا بھی آئی ایم ایف سے شیئر کردہ پلان کا حصہ ہے۔
وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کے دوران پانڈا بانڈز پہلی سہ ماہی کے دوران ہی جاری کیے جائیں گے، عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے نئی فنانسنگ بھی پلان میں شامل کی گئی ہے۔