کسانوں کو کھاد کی بلا تعطل فراہمی کیلئے ایپ بنانے کا فیصلہ

Published On 22 May,2024 06:21 pm

اسلام آباد :(دنیا نیوز) وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی اور صنعت وپیداوار رانا تنویر نے کہا ہے کہ کسانوں کو بلا تعطل کھاد کی فراہمی کیلئے ایپ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی اور صنعت وپیداوار رانا تنویر سے سے صوبائی وزیر زراعت پنجاب عاشق کرمانی نے ملاقات کی، ملاقات میں کسانوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فوڈ سکیورٹی اور صنعت وپیداوار رانا تنویر نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر زرعی شعبے کی ترقی کا پختہ عزم کر رکھا ہے، کسانوں کو یوریا اور ڈے اے پی کھاد کی بلا تعطل فراہمی کیلئے مربوط حکمت عملی تشکیل دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کو کھاد کی بلا تعطل فراہمی کیلئے ایپ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، ایپ کا مقصد فرٹیلائزر کمپنی سے لیکر ڈیلر تک کھاد کی نگرانی کرنا ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس عمل کی بھر پور نگرانی کریں گی۔

رانا تنویر نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت ایجنسیوں کے ذریعے بھی مانیٹرنگ ریورٹ لے گی۔