لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف کے حوالے سے تفصیلات جاری کر دی گئیں۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پنجاب میں 201 سے 500 یونٹ تک بجلی صارفین کو بلوں میں 14 روپے فی یونٹ ریلیف دینے بارے تفصیلات جاری کیں۔
لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور اسلام آباد کی 5 بجلی کمپنیوں کے 35 لاکھ 16 ہزار 877 صارفین کو ریلیف دیا گیا۔
لاہور الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (لیسکو) کے 8 لاکھ 40 ہزار صارفین کو ریلیف ملا، ملتان الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کے 6 لاکھ 53 ہزار 883 صارفین کو ریلیف دیا گیا جبکہ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کے 5 لاکھ 6 ہزار 139 صارفین کو بھی ریلیف ملا ہے۔
گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کے 7 لاکھ 31 ہزار 305 صارفین کو ریلیف ملا، اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کے 7 لاکھ 85 ہزار 550 صارفین کو ریلیف دیا گیا۔
پنجاب کے عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے 46 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔