لندن: (حسیب ارسلان) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے پاکستان قونصلیٹ گلاسگو میں سکاٹش لیبر لیڈر انس سرور ایم ایس پی اور سابق وزیر اول حمزہ یوسف ایم ایس پی کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں کے دوران ہائی کمشنر نے کہا کہ سکاٹ لینڈ کی پارلیمنٹ میں برٹش پاکستانی کمیونٹی ویلفیئر کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور ساتھ ہی وہ مقامی اور پاکستانی کمیونٹی کو متحد کرنے کے لیے بھی مصروف عمل ہیں۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ حکومت پاکستان معاشی استحکام پر توجہ دے رہی ہے اور کاروبار میں آسانی کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کر رہی ہے، انہوں نے پاکستان کے توانائی، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں کی صلاحیت کو اجاگر کیا جو سرمایہ کاروں کے لیے مثبت منافع دے سکتے ہیں۔
ہائی کمشنر نے پاکستان کے نوجوانوں کو سکاٹش حکومت کے تعاون کےساتھ اعلیٰ تعلیم، ہنر مندانہ تربیت اور تبادلے کے پروگراموں سمیت مواقع فراہم کر کے ان کی استعداد کار بڑھانے پر زور دیا۔
سابق وزیر اول حمزہ یوسف ایم ایس پی نے پاکستان اور سکاٹ لینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ قابل تجدید توانائی کے شعبے میں بے پناہ امکانات ہیں جہاں پاکستان ونڈ اور ہائیڈرو انرجی میں سکاٹ لینڈ کی مہارت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
سکاٹ لینڈ کے پہلے دورے کے دوران ہائی کمشنر نے تاریخی گلاسگو سٹی چیمبرز کا بھی دورہ کیا جو گلاسگو سٹی کونسل کے ہیڈ کوارٹرز کے طور پر کام کرتا ہے۔
انہوں نے بیلی راشد حسین کی قیادت میں ایک تفصیلی گائیڈڈ ٹور کیا، ہائی کمشنر نے سٹی چیمبرز میں وزیٹرز بک میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔