اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ٹیکس نہ دینے والوں پر ایسی پابندیاں لگائیں گے کہ وہ بہت سے کام نہیں کرسکیں گے، حکومت اب نان فائلر کی اصطلاح ختم کرنے جارہی ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت میں بنیادی اصلاحات لانا ہوں گی، اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، حکومت اب نان فائلر کی اصطلاح ختم کرنے جارہی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹیکس نیٹ سے باہر موجود شعبوں کو دائرہ کار میں لانا ہوگا، 9 فیصد ٹیکس ٹو جی ڈی پی کسی بھی ملک کی معیشت کو استحکام نہیں دلا سکتا، ریٹیلرز، ہول سیلرز، زراعت اور پراپرٹی کے شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہوگا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ تنخواہ دار اور مینوفیکچرنگ طبقے پر جو اضافی بوجھ ڈالا گیا تھا اسے کم کیا جائے گا۔
آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے کہا کہ امریکا، چین اور سعودی عرب نے ہماری مدد کی اور 7 ارب ڈالر قرض کی منظوری ہوئی، اگر چاہتے ہیں کہ آئی ایم ایف کا یہ آخری پروگرام ہو تو ملکی معیشت میں بڑے پیمانے پر اصلاحات لانا ہوں گی۔