اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر عمل درآمد میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ ٹاسک فورس بنانے پر اتفاق کر لیا گیا۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر مسعود پیزشکیان اور وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں گیس پائپ لائن منصوبے پر عمل درآمد میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ ٹاسک فورس بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق مشترکہ ٹاسک فورس کا قیام دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو گہرا کرنے کی جانب ایک امید افزا قدم ہے، یہ اقدام تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ وژن کو اجاگر کرتا ہے۔
پاکستان اور ایران کے درمیان قیادت کی بات چیت مشترکہ چیلنجز پر قابو پانے کے لیے مضبوط عزم کی عکاسی کرتی ہے، علاقائی ممالک کو ملانے والے ایک وسیع سڑک اور ریل نیٹ ورک کا قیام بھی ایک خوش آئند قدم ہے۔