لاہور: (دنیا نیوز) حکومت تاجر دوست سکیم کے تحت تاجروں سے ٹیکس وصولی کا ہدف پورا کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئی۔
آئی ایم ایف نے حکومت کو تاجر دوست سکیم کے تحت تاجروں سے رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی کے دوران 10 ارب روپے کا ٹیکس وصول کرنے کا ہدف دیا تھا لیکن حکومت صرف ایک ملین روپے کا ٹیکس ہی جمع کرسکی ہے جو کہ ہدف کا 0.001 فیصد ہے۔
حکومت کی اس بدترین ناکامی کے نتیجے میں آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر کے پروگرام پر بھی سوالیہ نشان لگ گئے ہیں، اکتوبر کے وسط تک 575 تاجروں نے صرف 1.3 ملین روپے ہی جمع کرائے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت دوسری سہ ماہی کا ہدف بھی حاصل نہیں کر سکے گی۔
حکومت کو پہلی ششماہی کے دوران 23.4 ارب روپے جمع کرنے ہیں جبکہ سالانہ ہدف 50 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایف بی آر مجموعی ٹیکس کلیکشن کا ہدف حاصل کرنے میں بھی ناکام رہا ہے جس میں ایف بی آر کو 90 ارب روپے کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔