کراچی :(ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس نے نئی بلندی کو چھو کر ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے بھر پور تیزی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس میں ہفتہ وار 2431 پوائنٹس اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 100 انڈیکس 93 ہزار 291 کی تاریخی بلند ترین سطح پر بند ہوا جبکہ 100 انڈیکس کی ہفتہ وار بلند ترین سطح 93514 اور کم ترین سطح 91395 رہی، مارکیٹ میں ہفتہ وار3.67 ارب شیئرز کے سودے ہوئے۔
سٹاک مارکیٹ کے ہفتہ وار کاروبار کی مالیت 124 ارب روپے رہی، مارکیٹ کیپٹلائزیشن ہفتے بھر میں 270 ارب روپے سے بڑھ کر 11977 ارب روپے ہوگئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کاروباری ہفتے کے آخری روز سٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس کے پہلے سیشن کا آغاز مثبت انداز میں ہوا اور ایک موقع پر انڈیکس 481 پوائنٹس کے ساتھ 93 ہزار کی عبوری حد کو چھو گیا جو سٹاک ایکسچینج کی اب تک کی سب سے بڑی عبوری حد تھی۔