سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، 100 انڈیکس 94 ہزار پوائنٹس تک گر گیا

Published On 26 November,2024 10:40 am

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کے بعد ایک بار مثبت رجحان دیکھنے کو ملا لیکن کاروباری دن کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ شدید مندی میں بند ہوئی۔

کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا منفی آغاز ہوا، سٹاک مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں 541 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے انڈیکس 97 ہزار 538 کی سطح پر آ گیا۔

بعدازاں ایک بار پھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھنے کو ملی اور آج پھر 100 انڈیکس 99 ہزار کی حد عبور کر گیا، ایک موقع پر کاروبار کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 1642 پوائنٹس کے اضافے کیساتھ 99 ہزار 820 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔

کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھنے کو ملی اور 100 انڈیکس میں 3506 پوائنٹس کی کمی ہو گئی جس کے بعد سٹاک مارکیٹ منفی زون میں 94 ہزار 181 پوائنٹس پر بند ہوئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 98 ہزار سے زیادہ پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔