سٹاک مارکیٹ میں تیزی، ہنڈرڈ انڈیکس بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

Published On 09 December,2024 05:24 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سٹاک ایکسچینج کے ہندرڈ انڈیکس نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ایک لاکھ 10 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی عبور کرلی۔

کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت رجحان رہا جس کے باعث 100 انڈیکس 916 پوائنٹس اضافے کیساتھ ایک لاکھ 9 ہزار 970 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا ہے۔

واضح رہے کہ آج کاروبار کے آغاز پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی اور ایک وقت پر 100 انڈیکس 1189 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 10 ہزار 243 پوائنٹس تک پہنچ گیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے پانچویں اور آخری روز سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا اختتام مثبت زون میں ہوا تھا، ٹریڈنگ کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 814 پوائنٹس اضافے کے ساتھ ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 9 ہزار 53 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔

سٹاک مارکیٹ میں آج 39 ارب 7 کروڑ 53 لاکھ 67 ہزار 536 روپے مالیت کے 71 کروڑ 95 لاکھ 54 ہزار 91 شیئرز کا لین دین ہوا۔