پنجاب میں اپنی نوعیت کی پہلی اور سب سے بڑی کاروبارفنانس سکیم کا اجراء

Published On 21 January,2025 03:51 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں اپنی نوعیت کی پہلی اور سب سے بڑی کاروبارفنانس سکیم کا اجراء کردیا گیا۔

’’وزیر اعلیٰ پنجاب آسان کاروبار سکیم‘‘ کے لئے 84 ارب روپے جبکہ ’’وزیر اعلیٰ پنجاب آسان کاروبار کارڈ سکیم‘‘ کے لئے 48 ارب روپے سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب آسان کاروبار فنانس سکیم کے تحت 36 ارب سے زائد بلا سود قرض فراہم کیا جائیگا، آسان کاروبار فنانس سکیم میں 10لاکھ سے 3کروڑ روپے کے بلاسود قرضے دیئے جائیں گے، قرض 5 سال کی آسان قسطوں میں واپس کیا جائے گا، 25 سے 55 سال تک کے پنجاب کے رہائشی مرد و خواتین، ٹرانسجینڈرز اور خصوصی افراد قرض کے لئے اپلائی کر سکتے ہیں ۔

قرض لینے کیلئے ایکٹیوفائلرہونا ضروری اورکسی بھی مالیاتی ادارے کا ڈیفالٹر نہ ہونا اہلیت قرار دیا گیا ہے، آسان کاروبار فنانس سکیم کے لئے گھر بیٹھے آن لائن درخواست اورتفصیلات کے لئے ویب پورٹل پر اپلائی کیا جا سکتا ہے۔

آسان کاروبار کارڈ سکیم میں سٹارٹ اپ اور چھوٹے کاروبار کیلئے 10 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرض دیئے جائیں گے، آسان کاروبار کارڈکے تحت قرض3سال میں آسان اقساط میں ادا کیا جا سکتا ہے ، آسان کاروبار کارڈ کے لئے خام مال کی خریداری پر وینڈر کو ادائیگی کی جاسکے گی ۔

آسان کاروبار کارڈ کے ذریعے سرکاری فیس،ٹیکس اور یوٹیلیٹی بل کی ادائیگی ممکن ہوگی ، آسان کاروبار کارڈ کے ذریعے 25 فیصد تک کیش بھی نکلوایا جا سکتا ہے ،وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر آسان کاروبار سکیم کے لئے خصوصی ٹال فری نمبر 1786 بھی فعال کردیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس حوالے سے کہا کہ نوجوانوں کو خود روزگار کی طرف گامزن کرنا چاہتے ہیں، تعلیم کے بعد روزگار کے مواقع فراہم کرنا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے، پنجاب کا ہرنوجوان معیشت کی بہتری میں آسان کاروبار سکیم کے ذریعے بھرپور کردار ادا کرے گا، آسان کاروبار پروگرام کے ذریعے معیشت میں بہتری اور برآمدات میں اضافہ ممکن ہوگا۔