اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی امریکا سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کار جینٹری بیچ کی قیادت میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے وفد سے ہونے والی ملاقات میں پاکستان کی سرمایہ کاری کی وسیع استعداد اور امید افزا اقتصادی صلاحیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان میں کاروباری مواقع میں گہری دلچسپی پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے سازگار کاروباری ماحول، تیزتر و پائیدار عمل درآمد اور مضبوط ادارہ جاتی تعاون کو یقینی بنا کر غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستان کے سٹریٹجک جغرافیائی محل وقوع، ہنر مند، باصلاحیت اور نوجوان افرادی قوت اور تیزی سے پھیلتی ہوئی کنزیومر مارکیٹ پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی سرمایہ کاری کی منزل کے طور پر ملک کے منفرد منظر نامے کا ذکر کیا۔
گینٹری بیچ نے پاکستان کی بے پناہ اقتصادی صلاحیت کی تعریف کی اور کان کنی و معدنیات، قابل تجدید توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ٹیکنالوجی سمیت اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے متنوع مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی سے آگاہ کیا۔
انہوں نے حکومت کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کو سراہا اور ملک کی مستقبل کی ترقی کی رفتار پر اعتماد کا اظہار کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، عبدالعلیم خان، عطاء اللہ تارڑ، وزیرمملکت علی پرویز ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
یہ اعلیٰ سطح انگیجمنٹ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے، پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور پاکستان کے لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے حکومت کی فعال کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔