سود میں کمی خوش آئند، چند ماہ میں بجلی مزید سستی ہوگی: وزیر اعظم

Published On 27 January,2025 05:04 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے سود میں کمی خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ چند ماہ میں بجلی کے نرخوں میں بڑی کمی ہوگی۔

 وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چند ماہ میں بجلی سستی ہونے سے ملکی معیشت اپنے پیروں پر کھڑی ہوگی، آج شرح سود میں مزید کمی ہوئی،بس چلے تو آج پورے پاکستان کا ٹیکس ریٹ 15فیصد کم کردوں۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے، امید ہے یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہوگا، پاکستان کو معاشی لحاظ سے مضبوط بنانے کیلئے کوشاں ہیں، حکومتی اخراجات کم کرنے کیلئے کام جاری ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ پی ڈبلیو ڈی کرپشن کا گڑھ تھا جسے بند کردیا، حکومتی اخراجات میں کمی کیلئے ڈاؤن سائزنگ، رائٹ سائزنگ کی جارہی ہے، اضافی بوجھ کم کرنے کیلئے کئی سرکاری ادارے بند کئے جارہے ہیں، پی آئی اے کی نجکاری کیلئے نئی کاوشیں شروع کی جارہی ہیں۔

محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی سرمایہ کاروں کو دعوت دے رہے ہیں، پی آئی اے کا شفاف بڈنگ پراسیس ہوگا، قومی ایئرلائن کو شفاف نیلامی سے نجی شعبے کو دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کیلئے آئندہ چند دنوں میں پالیسی کا اعلان کیا جائے گا، کاروبار دوست پالیسیوں میں بہتری حکومت کی ترجیح ہے، سرکار کا کام کاروبار کرنا نہیں ، کاروبار کو پروموٹ کرنا ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ میں ایک فیصد کمی کا خیر مقدم کرتے ہیں ، پالیسی ریٹ کا 12 فیصد پر آنا ملکی معیشت کے لئے خوش آئند ہے،پاکستانی معیشت پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا  پالیسی ریٹ میں کمی سے ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔

محمد شہباز شریف کا مزید کہنا تھا وزیراعظم کم افراط زر کی شرح کی بدولت پالیسی ریٹ میں کمی آئی ہے، آئندہ مہینوں میں افراط زر میں مزید کمی ہو گی، معیشت کی بحالی کے حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔