اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے سنوکر چیمپئن محمد آصف نے ملاقات کی اور سارک چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سنوکر چیمپئن محمد آصف کو حال ہی میں سری لنکا میں منعقدہ سارک سنوکر چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد دی اور 25 لاکھ روپے کا انعامی چیک بھی پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے محمد آصف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں سے پوری دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں، آپ نے سنوکر کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا، پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تین مرتبہ ورلڈ ایمیچیور سنوکر چیمپئن شپ اور تین مرتبہ سارک سنوکر چیمپئن شپ جیت کر آپ نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، حکومت پاکستانی کھلاڑیوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔
اس موقع پر سنوکر چیمپئن محمد آصف نے وزیراعظم کی جانب سے قومی سطح پر پذیرائی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومتی سرپرستی کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور میرے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ وزیراعظم نے میری پذیرائی کی۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو محمد آصف کے ساتھ مل کر ملک میں سنوکر کے مزید کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے اقدامات کی ہدایت جاری کی تاکہ نوجوانوں میں اس کھیل کو مزید فروغ ملے۔