حکومت کا فی کلو چینی پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی لگانے کی تجویز پر غور

Published On 30 January,2025 10:10 am

اسلام آباد: (مدثر علی رانا) حکومت کی جانب سے فی کلو چینی پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی لگانے کی تجویز پر غور کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق فی کلو چینی پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی لگانے کیلئے تجاویز وزیراعظم کو بھجوائی گئی ہیں، چینی پر سیلز ٹیکس کا طریقہ کار بھی تبدیل کرنے کیلئے تجاویز زیرغور ہیں، ٹیکس لاء میں ترمیم کے ذریعے فکسڈ سیلز ٹیکس عائد کر کے وصول کیا جا سکتا ہے ۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ابتدائی طور پر 3 سے 4 روپے فی کلو تک ایف ای ڈی عائد کیے جانے کی تجاویز ہیں، وزیرمملکت برائے خزانہ، چیئرمین ایف بی آر، سیکرٹری وزارت خزانہ نے تجاویز تیار کی ہیں، ایف ای ڈی سے عام آدمی بھی فی کلو چینی خریدنے پر اس زد میں آئے گا، ایف ای ڈی اور سیلز ٹیکس تجاویز پر حتمی فیصلہ وزیراعظم آفس کیجانب سے ہو گا۔

دوسری جانب وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ فی الحال چینی پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد نہیں کی جا رہی، ایف ای ڈی اور سیلز ٹیکس کی ابتدائی تجاویز ہیں جن میں ردوبدل کا بھی امکان ہے۔