حکومت بھی سستی پیدا ہونے والی بجلی مہنگی خریدنے میں ملوث

Published On 04 February,2025 10:46 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سستی بجلی خریدنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، حکومت بھی سستی پیدا ہونے والی بجلی مہنگی خریدنے میں ملوث نکلی۔

دنیا نیوز نے سولر اور ونڈ آئی پی پیز کے نرخوں سے متعلق دستاویزات حاصل کر لیں۔

دستاویزات میں ہوا سے بننے والی بجلی 47 روپے، سولر سسٹم سے پیدا ہونے والی بجلی 48 روپے فی یونٹ خریدنے کا انکشاف ہوا ہے۔

حکومت نے ونڈ پاور پلانٹس سے 47 روپے فی یونٹ تک بجلی خریدی جبکہ سولر سے پیدا ہونے والی بجلی 48 روپے فی یونٹ میں خریدی گئی، ونڈ پاور کے صرف 8 پاور پلانٹس سے 40 روپے سے زائد فی یونٹ بجلی خریدی گئی۔

دستاویز میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ حکومت کی جانب سے سولر کے دو پلانٹس سے 48 روپے اور ایک پلانٹ سے 46 روپے فی یونٹ بجلی خریدی گئی ہے۔