وفاقی حکومت ملازمین اور افسران کی مفت بجلی بند کرنے میں ناکام

Published On 28 January,2025 11:28 am

اسلام آباد: (ذیشان یوسفزئی) وفاقی حکومت سرکاری ملازمین اور افسران کو مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے میں ناکام ہو گئی، رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران سرکاری ملازمین نے 8 ارب تیس کروڑ روپے سے زائد کی مفت بجلی استعمال کی۔

دنیا نیوز کو موصول ہونیوالی دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران سرکاری ملازمین نے 23 کروڑ 71 لاکھ یونٹس سے زائد بجلی استعمال کی، بجلی استعمال کرنے والے ملازمین کی تعداد 2 لاکھ 16 ہزار ہے اور ان میں سے ریٹائرڈ اور حاضر سروس ملازمین و افسران دونوں شامل ہے۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ ایک لاکھ 13 ہزار حاضر سروس افسران و ملازمین نے 5 ارب سے زائد کی مفت بجلی استعمال کی، حاضر سروس ملازمین و افسران نے چھ ماہ میں 14 کروڑ 96 لاکھ یونٹس استعمال کیے۔

اسی طرح 88 ہزار سے زائد ریٹائرڈ ملازمین نے 3 ارب سے زائد کی مفت بجلی استعمال کی ،ریٹائرڈ ملازمین نے چھ ماہ میں 8 کروڑ 75 لاکھ یونٹس استعمال کیے، مفت بجلی استعمال کرنے والوں میں گریڈ ایک سے لیکر گریڈ 22 تک کے افسران و ملازمین شامل ہیں۔

افسران اور ملازمین کا تعلق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز)، واپڈا، این ٹی ڈی سی، سرکاری بجلی گھروں (جنکوز) اور پی آئی ٹی سی سے ہے، وفاقی حکومت اور پاور ڈویژن نے ان افسران اور ملازمین کی مفت بجلی کی سہولت بند کرنے کی کوشش کی لیکن ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔